اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی پارلیمان نے اسرائیل کی شدید مخالفت کے باوجود فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی ایک علامتی قراداد منظور کرلی ہے۔
اس سے قبل یورپی یونین کے ممالک برطانیہ اور اسپین نے بھی اسی طرح کی قراردادوں کو منظوری دی تھی۔
منگل کو قرارداد کے حق میں 151 کے مقابلے میں 339 ووٹ ڈالے گئے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ قرارداد دو تہائی سے بھی زیادہ ووٹوں سے منظور کر لی گئی۔
صیہونی حکومت نے اس پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نام نہاد امن عمل کو نقصان پہنچے گا۔
قرارداد فرانس کی حکمران جماعت 'سوشلسٹس' نے پیش کی تھی جس کی بائیں بازو کی جماعتوں کے علاوہ بعض روایت پسند ارکان پارلیمان نے بھی حمایت کی۔
قرارداد میں فرانسیسی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے۔
فرانس کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطی میں تنازع کے حل کے لیے جاری حتمی سفارتی کوششیں بھی ناکامی سے دوچار ہوئیں تو فرانس فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فرانسیسی پارلیمان میں مذکورہ قرارداد کی منظوری فرانس میں فلسطینیوں کے لیے بڑھتی ہوئی حمایت اور اس ضمن میں فرانسیسی حکومت پر عوام کے دباؤ کا مظہر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169